لاہور(نمائندہ خصوصی)غیر ملکی موبائل فون کمپنی کا گیس چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا، موبائل کمپنی مین گیس لائن سے براہ راست گیس چوری کررہی تھی۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں گیس چوری کی اطلاع پر سوئی ناردرن نے کارروائی کی ، جس میں غیر ملکی موبائل فون کمپنی کا گیس چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔ترجمان سوئی ناردرن نے کہا کہ کرک میں موبائل فون ٹاورکے جنریٹرچوری شدہ گیس سے چلایاجارہاتھا اور موبائل کمپنی مین گیس لائن سےبراہ راست گیس چوری کررہی تھی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 200 فٹ پائپ کے ذریعے گیس چوری کی جارہی تھی، غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے جنریٹر اور پائپ ضبط کرلیا ہے۔یاد رہے سوئی ناردرن گیس کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایات پر گیس چوروں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے کریک ڈاو¿ن کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ تین برسوں میں سوئی ناردرن نے گیس چوری پر 813 ایف آئی آرز درج کروانے کے علاوہ گیس چوری کی سوا تین لاکھ سے زائد وارداتیں پکڑی ہیں، گیس چوری میں ملوث ان افراد سے اب تک تقریباً ڈھائی ارب روپے ریکور کیے جاچکے ہیں۔