اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) سابق وزیر مملکت فرح حبیب نے کہا ہے کہ قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے افراد پاکستان پر قابض ہیں اور مخالفین کو دھمکیاں لگاتے ہیں،اگر مقبولیت کا اتنا خمار ہے تو انتخابات کروا کر دیکھ لے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،جلد امپورٹڈ سرکار سے عوام کو نجات حاصل ہوگی حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ سرکار کی نصف سے زیادہ کابینہ مجرم ہے،آئین و قانون سے منحرف ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام دشمن پالیسیوں سے نااہل اور نکمی امپورٹڈ سرکار نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں،عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں،پاکستان کا ہر باشعور شہری تحریک انصاف کے نظریے کی حمایت کرتا ہے۔
فرح حبیب نے کہاکہ تحریک انصاف تو عوام میں جانے سے نہیں گھبراتی،امپورٹڈ سرکار کو اپنی کرتوتوں کی بدولت عوام سے خوف ہے۔ سابق وزیر مملکت نے کہاکہ اگر مقبولیت کا اتنا خمار ہے تو انتخابات کروا کر دیکھ لے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے وہ تاریخی جلسے کیے جو آج تک کوئی نہ کر سکا اور نہ کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف سازش اس وقت ہوئی جب پاکستان ترقی کر رہا تھا،عمران خان نے بڑی محنت اور لگن سے پاکستان کی معیشت کو استحکام دلایا۔ سابق وزیر مملکت نے کہاکہ امپورٹڈ کرپٹ حکومت نے چند ہی دنوں میں پاکستان کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔