اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،سکھ یاتریوں کیلئے حکومت پاکستان مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ننکانہ صاحب گورودوارہ جنم استھان آمد کے موقع پر چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ عطا الرحمان اور چیئرمین پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔نگران وفاقی وزیر انیق احمد نے کہاکہ پاکستان میں عبادت گاہوں کی زیارت کیلئے سکھوں کو خصوصی طور پر تین ہزار ویزے دیئے جاتے ہیں، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو سکھ بھائی اس سے مطمئن رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جتنا مسلمانوں کا وزیر ہوں اتنا ہی تمام اقلیتوں کا بھی وزیر مذہبی امور ہوں، ہم سکھ بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں ، ہمارے سکھ بھائیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں ایک مرتبہ ضرور بابا گورونانک کی جائے پیدائش اور سمادھی کی زیارت کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت سے درخواست کریں گے کہ سکھوں کے 3 ہزار ویزوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہمارے سکھ بھائی اپنے بزرگوں کے مزارات کی زیارت کیلئے پاکستان آسکیں ،اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے جہاں تک انتظامی امور کا تعلق ہے اس کیلئے ہم ہر سہولت دینے کی یقین دہانی کراتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم سکھ بھائیوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔