لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور کی نگران وزیراعلی محسن نقوی سے ملاقات میں پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگراں وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں انڈسٹریز کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے،نئی انڈسٹری لگانے اور پرانی انڈسٹری کو چلانے کے لئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ 6بڑے چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹریز باہمی مشاورت سے ون ونڈو آپریشن کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کریں گے اس کے علاوہ ون ونڈو آپریشن فنکشنل کرنے کیلئے چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریزکی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے گا،انڈسٹریز کے صوبائی محکموں سے متعلق امور ومسائل ایک ہی جگہ حل کئے جائیں گے اور نئی انڈسٹریز کے قیام اور پرانی صنعتوں کوتمام این او سی ون ونڈو سنٹرسے جاری ہوں گے۔وزیر اعلی کہا کہ بجلی اور گیس سے متعلق امور کے لئے وفاقی محکموں کو ون ونڈو سنٹر میں ڈیسک قائم کرنے کی سہولت دی جائے گی۔پہلے فیز میں لاہور،ملتان،فیصل آباد،سیالکوٹ،گوجرانوالہ اور راولپنڈی ون ونڈ آپریشن شروع ہو گا اورصوبائی محکموں کو انڈسٹریز سے متعلق امور مقررہ وقت میں طے کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے انڈسٹری کا فروغ نہیں ہو سکا جس کی وجہ تیزی سے بڑھتی مہنگائی اور روپے کی گرتی قدر تھی۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات کا فقدان بھی انڈسٹری نہ لگنے کی ایک وجہ ہے۔ کاشف انور کا کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئیند ہے کہ وزیر اعلی نے چیمبرز کو مشاورت میں شامل کیا اور بزنس کمیونٹی سے تجاویز مانگیں۔