ہانگ ژو (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ہانگ ژو میں 19 ویں ایشیائی کھیلوں کے آغاز سے تقریباً دوہفتے قبل مرکزی میڈیا مرکز کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔
یہ آزمائش 9 سے 17 ستمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران ہانگ ژو ایشیائی کھیلوں کے لیے جانے والے میڈیا ارکان ہانگ ژو مشرقی ریلوے اسٹیشن، ہانگ ژو شیاؤشان بین الاقوامی ہوائی اڈے، ایم ایم سی اور ایشیائی کھیل و یلج میں اپنے میڈیا ایکریڈیٹیشنز کو فعال کرسکتے ہیں۔
مرکزی میڈیا مرکز میں مرکزی پریس مرکز اور بین الاقوامی نشریاتی مرکز شامل ہیں۔ یہ ہانگ ژو اولمپک اسپورٹس سینٹر کے مرکزی اسٹیڈیم کے قریب واقع ہیں جہاں کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔
مرکزی میڈیا مرکز 10 ہزار سے زائد منظور شدہ صحافیوں ، فوٹوگرافروں اور نشریاتی اہلکاروں کو خدمات مہیا کرسکتا ہے جس میں آمد اور روانگی ، نقل و حمل کی سہولت ، ترجمہ اور تشریح ، کھانے پینے کا سامان اور مواد کو کرایہ پر حاصل کرنا شامل ہے۔ یہ کھیلوں کا ایک اہم غیر مسابقتی سہولت مرکز ہے۔
مرکزی میڈیا مرکز کے سربراہ ہوانگ ہائی فینگ نے بتایا کہ مرکزی میڈیا مرکز پر 23 مارچ کو کام شروع ہوا تھا جو کہ 15 جولائی کو مکمل ہوا ۔ مرکزی میڈیا مرکز ٹیم نے 15 اگست سے مختلف مشقیں کیں جو آزمائش پر پوری اتریں۔
مرکزی میڈیا مرکز کے انتظامی سربراہ شو چھنگ کے مطابق آزمائش مرکزی میڈیا مرکز کی کھیلوں کے بارے مکمل فعالیت کا آغاز ہے۔
منتظم کمیٹی کے مطابق مرکزی میڈیا مرکز 18 ستمبر سے باضابطہ کام شروع کردے گا۔
19 ویں ایشیائی کھیل 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے جس میں 40 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔
یہ چین میں منعقد ہونے والے تیسرے ایشیائی کھیل ہیں ۔اس سے قبل ان کا انعقاد بیجنگ میں 1990 اور گوانگ ژو میں 2010 میں ہوچکا ہے۔