لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے پارٹی رہنماوں نے ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی امور، تنظیم سازی، مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے موقع پر سعید اکبر نوانی، محمد شاہ کھگہ، اسحاق خان خاکوانی اور عون چوہدری موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی عام آدمی کے دکھوں کا مداوا کرےگی، آئی پی پی ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کےلئے جامع حکمت عملی وضع کرےگی۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہم صحیح معنوں میں عوام کی ترجمانی کریں گے، مہنگائی کم کر کے عوام کو ریلیف دیں گے، اپنے منشور کی بنیاد پر عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔