کراچی (کامرس رپورٹر) چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاون کے بعد قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئیں۔ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی ہوگئی۔ریٹیل میں چینی 175 روپے سے کم ہوکر 170 روپے ہوگئی۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوی ایشن روف ابراھیم کے مطابق کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 2 روپے کمی ہوئی اورہول سیل بازار میں چینی کی قیمت 160 روپے سے کم ہوکر 158 روپے رہ گئی جبکہ ایکس مل قیمت میں 3 روپے کمی ہوئی اور ایکس مل قیمت 158 روپے سے کم ہو کر 155 روپے ہوگئی۔دوسری جانب مہنگائی سے ستائی عوام کے لیے بری خبر یہ بھی ہے کہ کراچی کے ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمت بڑا اضافہ ہوگیا۔ماش کی دال میں سب سے بڑا 80 روپے فی کلو اضافہ ہوا اور یہ قیمت450 سے بڑھ کر 530 کلو تک پہنچ گئی۔مسور کی دال میں 70 روپے اضافہ سے فی کلو 270 سے بڑھ کر 340 روپے، مونگ کی دال 40 روپے اضافہ سے280 روپے ہوگئی۔چنے کی دال 215 سے بڑھ کر 230 روپے،سفید چنا 30 روپے اضافے سے 370 روپے اورکالا چنا 15 روپے اضافہ سے 195 روپے ہوگیا اسی طرح چاول باسمتی درجہ اول 50 روپے اضافے سے450 روپے، درجہ دوئم 25 روپے اضافے سے 375 روپے کلو ہوگیا۔