بدین ( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں پیپلزپارٹی اقتدار میں ہوگی تو ملک میں عوام کی حکومت ہوگی،ملک کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل پیپلزپارٹی ہے، جیالے الیکشن کیلئے ہر وقت تیار ہیں،عوام تقسیم نفرت کی بجائے نوجوان قیادت کوچاہتی ہے۔انہوں نے بدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے چہروں سے واضح ہے کہ وہ پریشان اور تکلیف میں ہیں ، جہاں بھی جارہا ہوں کہ عوام کے چہروں پر دکھ اور مایوسی نمایاں نظر آرہی ہے، ہرشخص کو پریشانی ہے کہ وہ خاندان کیلئے کھانے کا بندوبست کیسے کرے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی معاشی بحران آیا پیپلزپارٹی نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ نہ صرف لگایا بلکہ عملدرآمد کیا۔بے نظیر بھٹو کے بارے مشہور تھا کہ جب بھی بے نظیر آئے گی روزگار لائے گی۔ آج کے حالات میں قائد عوام کا منشور وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کے عوام کے ساتھ مل کر مہم چلاو¿ں گا۔ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی، پیپلزپارٹی کو ملک کی خدمت کا موقع ملے گا، دعوے سے نہیں کہتا کہ راتوں رات مسائل حل کردوں گا۔ہمارے جیالے الیکشن کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پیپلزپارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کی اپوزیشن کا صفایا کیا، وعدہ ہے جب پیپلزپارٹی اقتدار میں ہوگی تو عوام کی حکومت ہوگی، جب کوئی اورآتا ہے تو اشرافیہ کی حکومت ہوتی ہے۔ ملک کو جب بھی ضرورت پڑی تو پیپلزپارٹی نے قربانی دی، دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوتا ہے تو قربانی دیتے ہیں، جب آئی ایم ایف سے مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو کہتے قربانی کا وقت آگیا، عوام کا حق ہے کہ قربانی دینے کی بجائے پوچھے کہ پاکستان ہمارے لئے کیا کرے گا؟ جب عوام دوست حکومت ہوتی ہے تو پھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، اپنا زمین اپنا مکان جیسے منصوبے آتے ہیں، جہاں زمین اور گھر کا مالک بنایا جاتا ہے۔نوجوانوں کو روزگار دیا جاتا ہے، ان سے روزگار چھینا نہیں جاتا۔ عوام سے اپیل ہے کہ عوام کا ساتھ دیں، پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں۔ مشکلات مسائل کا حل نکالنے کیلئے عوام ساتھ دیں۔ پیپلزپارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میں الزام تراشی کی بجائے مسائل کا حل چاہتا ہوں، پاکستانی عوام نے ہر جماعت کا اقتدار دیکھا، میری جماعت کو بھی موقع دیا، عوام اب تقسیم اور نفرت کی سیاست کی بجائے مسائل کا حل چاہتے ہیں، مسائل کا حل نوجوان قیادت کرسکتی ہے۔