راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سربراہ اے ایم ایل شیخ رشید نے کہا ہے کہ نگران حکومت پی ڈی ایم فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہے،ریاست بچانے کا نعرہ لگانے والے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر گئے، کوئی بھی عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ نگران حکومت میںکوئی بھی 16ماہ میں 13پارٹیوں کے فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کے لئے تیار نہیں ہے، ان تمام پارٹیوں نے مل کر فیصلے کئے، آئی ایم ایف فیصلے پر مٹھائیاں بانٹی،سارا بوجھ عوام پر ڈالا اب ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے علاوہ ساری پارٹیاں 90روزمیں الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں، یہ وہی پارٹیاں ہیں جو الیکشن سے خوفزدہ تھیں اور آج بھی خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ 13جماعتیں ملکی تباہی و بربادی کی ذمہ دار ہیں یہ ریاست بچانے کا نعرہ لگا کر ریاست کو معاشی طور پر تباہ کر کے گئے،کوئی بھی عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر شوگر ملیں سابق صدر، وزیراعظم، وزراءاور حکومتی فرنٹ مینوں کی ہیں جو ہمیشہ اپنی مرضی کے فیصلے کروا لیتے ہیں اور سزا غریب عوام بھگتے ہیں۔