لندن (نمائندہ خصوصی ) برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم نے خود کو دیوالیہ قرار دے دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برمنگھم سٹی کونسل کی جانب سے سیکشن 114 کے تحت غیر ضروری اخراجات کی کٹوتی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا اور ضروری سروسز کے علاوہ دیگر اخراجات کو روک دیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا کہ مساوی تنخواہوں (مردوں اور خواتین کی مساوی تنخواہوں) کی ادائیگی کے باعث دستیاب مالی وسائل سے زائد اخراجات کے سبب خسارے کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر مساوی تنخواہوں کی ادائیگی میں 650 ملین پاونڈ سے 760 ملین پاونڈ اخراجات آئیں گے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کونسل کو ادائیگی کے لیے مالی وسائل میں کمی کا سامنا ہے اور اس بحران کے باعث کسی بھی نئے معاہدے اور غیر ضروری اخراجات کو فوری طور پر روک دیا جائے۔