اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کو رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم پر بریفنگ دی گئی اور سسٹم کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وزیر آئی ٹی، سیکریٹری آئی ٹی اور نادرا ٹیم نے سسٹم سے متعلق فیڈ بیک دیا۔الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں پر جاری کام پر بھی بریفنگ دی گئی، حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ حلقہ بندی کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، کمیشن کو یقین دلایا گیا کہ شیڈول کے مطابق کام مکمل کرلیا جائے گا، کمیشن نے حلقہ بندیوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔بریفنگ میں ممبران الیکشن کمیشن، وفاقی وزیر آئی ٹی، سیکریٹری آئی ٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل آئی ٹی بورڈ، نادرا کے سینئر افسران کی ٹیم بھی بریفنگ میں موجود تھے۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ وائز قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے کوٹہ کا تعین کر دیا گیا ہے۔