اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )خام مال کی کمی اور ایل سی کے مسائل طول پکڑ گئے جس کے باعث ملک میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پید ا ہوگئی ہے اور کراچی سے خیبر تک ہزاروں ادویات ناپید، مریض پیسے لے کر پھرنے پر مجبور ہیں ۔ ادویات کی مصنوعی قلت کے باعث پاکستان فارماسسٹ فورم نے 12 ستمبر کو احتجاج کا عندیہ دے دیا۔ پاکستان فارماسسٹ فورم کا کہنا ہے کہ مریض بچاو تحریک کا آغاز 12 ستمبر کو لاہور سے کیا جائے گا۔امراض قلب کی دوا ہیپرین انجیکشن مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔مرگی کی دوائی ٹیگرال چار گنا زائد قیمت ہونے کے باوجود قلت کا شکار ہے ۔ٹیگرال کی قیمت گزشتہ کچھ ماہ میں اضافے کے بعد 500 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ نیند کی دوائی ریٹالین دس گنا اضافے کے بعد بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے ۔چند ماہ میں شوگر کی انسولین کی قیمت میں بھی بے تاحاشہ اضافہ ہوا ۔انسولین 2500 سے بڑھ کر 3 ہزار میں فروخت ہونے لگی۔پاکستان فارماسسٹ فورم کے مطابق ایک ماہ میں بلڈ پریشر کی دوائی کی قیمت 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔کونکور گولیاں ایک ماہ کے عرصے میں 274 سے 329 تک پہنچ گئیں۔