لاہور (نمائندہ خصوصی ) سوئی ناردرن گیس کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایات پر گیس چوروں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے کریک ڈاون کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لاہور میں سوئی ناردرن کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی ناردرن عامر طفیل نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس چوری کے خلاف فوری کارروائی کرتی ہے تاہم وفاقی حکومت کی ہدایات پر ان کوششوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں سوئی ناردرن نے گیس چوری پر 813 ایف آئی آرز درج کروانے کے علاوہ گیس چوری کی سوا تین لاکھ سے زائد وارداتیں پکڑی ہیں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے بتایا کہ گیس چوری میں ملوث ان افراد سے اب تک تقریباً ڈھائی ارب روپے ریکور کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن نے گزشتہ چار برسوں میں گیس خسارے پرقابو پانے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن نے بتایا کہ کمپنی کو وفاقی حکومت نے تین سال یعنی مالی سال 20-2019ئسے مالی سال 22-2021ئ تک گیس خسارے میں 18 بی سی ایف تک کمی کا ہدف دیا تھا تاہم کمپنی گیس خسارے میں 23 بی سی ایف تک کمی لانے میں کامیاب ہوئی جس سے ملکی خزانے کو ساڑھے بارہ ارب روپے کی بچت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ میں کرک اور ملحقہ علاقوں میں گیس چوری کی صورتحال سنگین تھی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں، وفاقی حکومت، وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویڑن) اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے علاقے میں گیس چوری کی شرح میں 66 فیصد تک کمی لائی گئی۔