اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) انسانی حقوق کے بارے میں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے یہ بات اسلام آباد میں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں کشمیر میں غیرقانونی طورپر نظربند ہزاروں سیاسی کارکنوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی حالتِ زار پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اُنہوں نے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کی بھارتی حکام کی تازہ درخواست پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں گزشتہ سال عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی۔انہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے ، پانچ اگست 2019ء کے بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے اور جموں کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔