لاہور(نمائندہ خصوصی) نو گو ایریاز سمیت ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف پوری قوت سے کریک ڈاون کرنے کا فیصلہ ، پنجاب میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگست میں بجلی کے زائد بلوں کے خلاف عوام کے غصے کا سامنا کرنے والی نگران حکومت ملک بھر میں لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔وفاقی سیکریٹری برائے پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بجلی چوری کو پوری قوت سے ختم کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔اجلاس میں ایکشن پلان کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد پاور سیکٹر کے نقصانات ختم کرنا ہے، خاص طور پر کمرشل بجلی چوری کو روکنا ہے، جس کی وجہ سے سالانہ 600 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ملک بھر زیرو ٹالرینس کے ساتھ کریک ڈاون ایک یا دو روز میں شروع ہوگا۔