کراچی(نمائندہ خصوصی)نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر (ر) حارث نواز نے ڈی آئی جی ٹریفک کے آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹریفک پولیس کے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز چیمہ نے ٹریفک پولیس رینج کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ9077 سینکشنڈ پوسٹس ہیں جبکہ7555 اہلکار ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ جبکہ شہر میں 351ٹریفک سگنلز ہیں جس میں 68 ٹریفک انجینئرنگ بیورو، 56کینٹونمنٹ بورڈز اور 2 سی اےاے کی مینجمنٹ کے تحت کام کرتے ہیں۔مزید یہ کہ ٹریفک ہیلپ لائن 1591جو بیس گھنٹے شہریوں کی خدمت پر مامور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے پاس 834باڈی وورنBODY WORN کیمرے ہیں جس کی مدد سے احتسابی عمل میں مدد ملتی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ متذکرہ باڈی وورن کیمرے ٹریفک پولیس افسران کی شرٹس پر سامنے کی طرف لگائے جاتے ہیں جو مستقل ریکارڈنگ موڈپر رہتے ہیں۔ جبکہ سیف سٹی اے این پی آر کیمرے کا پروجیکٹ کا جلد آغاز کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے 62 مقامات پر اے این پی آر پروجیکٹ کے تحت کیمرے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شاہراہ فیصل پر کارساز سے لیکر ائیرپورٹ تک موٹر سائیکل سواروں کے لئے علیحدہ ٹریک کا ماڈل پروجیکٹ شروع کیا جائے۔ اور شہر کی عمارتوں میں کمرشل پارکنگ کے غلط استعمال کے حوالہ سے جامع سروے رپورٹ مرتب کی جائے اور پارکنگ ایریا کی بحالی کے ضمن میں سفارشات جلد از جلد جمع کرائی جائیں۔ نگران وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار شہریوں کے ساتھ عزت و احترام کے رویہ اور برتاو کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے ڈی آئی جی ٹریفک کے آفس میں قائم پولیس ایف ایم ۸۸۰۶ کے دفتر کا دورہ بھی کیا اور تعینات عملہ کی کارکردگی کو سراہا۔