لندن(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وطن واپسی کی حتمی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی گئی، شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کے حتمی اعلان کیلئے پارٹی رہنماﺅں سے صلاح مشورے جاری ہیں، حتمی اعلان سے قبل پارٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں موجود لیگی رہنماوں سے فون پر رابطے ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف پارٹی رہنماوں سے واپسی کی تاریخ کے حوالے سے حتمی رائے لیں گے، سابق وزیر اعظم وطن واپسی سے قبل ایک خلیجی ملک میں قیام کریں گے، لندن سے لاہور براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے خلیجی ملک کی ایئرلائن پر سفر کریں گے۔