کراچی (بیورو رپورٹ) کراچی میں پری مون سون کا آغاز ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 25 جون کے بعد شہر قائد میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کی بھی پیشگوئی کررکھی ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی شہر پری مون سون سیزن رنگ دکھانے لگا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد گرمی کا زور ختم ہونے کے ساتھ ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
جمعہ کی صبح ڈیفنس، سی ویو، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، ٹاور سمیت ناظم آباد، سرجانی، نارتھ کراچی میں سے بھی بوندا باندی رپورٹ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آج رات تک بوندا باندی اور کل ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ گلشن معمار ، سپر ہائی وے،سہراب گوٹھ پر بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 25 جون سے مون سون کا پہلا اسپیل بارش برسائے گا البتہ آج بھی صبح و شام کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج کراچی میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جبکہ شہر میں 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہیں۔