کراچی (نمائندہ خصوصی) گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان شہید ہوگئے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ترجمان پاک بحریہ کا بتانا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گوادر میں نیوی ہیلی کاپٹر حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے،نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان کی شہادت پر انتہائی دکھ ہوا،جام شہادت نوش کرنے والے افسران اور جوان کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں،سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ شہداءکے اہل خانہ کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں،فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا گوادر میں تربیتی پرواز کے دوران پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو حادثے پر شدید افسوس، دو افسروں اور ایک جوان کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے،سابق وزیر اعظم کا شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کے لئے شہداءعظیم قربانیاں دے رہے ہیں ،شہباز شریف نےشہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعابھی کی۔