کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی نے شہر میں کھلے گٹروں میں بچوں کے گرنے سے ہلاکتوں کے متعدد واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مرتضی وہاب نے لیاری میں یوم دفاع پاکستان گرلز سائیکل پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں گٹر میں بچوں کی گرنے کے واقعات قابل افسوس ہیں، ان واقعات کا الزام میئر کراچی یا کسی یوسی چیئرمین پر آتا ہے، کہ ہم اپنا کام نہیں کررہے، میئر کراچی کے طور پر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب تو گٹروں کا ڈھکن چوری نہیں کرتا، کچھ شرپسند عناصر اور نشئی ڈھکن چوری کررہے ہیں، چور مافیا ہمارے لیے مسائل کھڑے کررہی ہے، کوئی شخص اس مافیا کو کنٹرول کرنے کی بات نہیں کرتا۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سی او ڈی پر ہماری طرف سے ڈھکن ہیں، روز ٹیم بیٹھ رہی ہے مگر لوگ ڈھکن لینے نہیں آرہے، ابھی تک کسی نے حل پیش نہیں کیا، نعرے اور بینرز لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، آئیں ہمارے ساتھ بیٹھ کر ایسے واقعات کی روک تھام کریں۔