لاہور (نمائندہ خصوصی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے دیا۔جج عبہرگل نے سانحہ 9مئی کے مقدمات کی سماعت ۔ عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کی ضمانت خارج کرنے کا حکم سنایا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ماڈل ٹاﺅن میں مسلم لیگ (ن)کا سیکرٹریٹ جلانے کے کیس میں فواد چوہدری اور نو مئی واقعے کے 6مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت خارج کی ۔خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی اس وقت سائفر انکوائری کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9مئی کے مختلف مقدمات پرسماعت کرتے ہوئے یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو واپس جیل بھیج دیا ۔عدالت نے تینوں رہنماﺅں کو 5 ستمبر تک واپس جیل بھیج دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ یاسمین راشد اور دیگر کو 5ستمبر تک ریمانڈ پر دیا ہوا ہے اور اعجاز چوہدری ،محمود الرشید بھی جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔