کراچی (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ظالم کے خلاف اور ظلم پر خاموش رہنے والے بھی اس جرم برابر کے شریک ہوں گے، عوام بے حسی پر مبنی حکومتی معاشی دہشت گردی کا پرامن جواب دیں، 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال اب تو لازم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کہا گیا کہ تاجر برادری سمیت عوام بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کرکے ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ذمے داران دکانداروں تاجروں اور سیاسی و سماجی رہنماوں سے ملاقاتیں کرکے ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔ پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اور ہوشربا اضافہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے ظلم کا تسلسل ہے ظالم کے خلاف اور ظلم پر خاموش رہنے والے بھی اس جرم برابر کے شریک ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام پرایک دفعہ پھرپٹرول بم گرادیاگیا ہے غریب عوام طویل عرصہ سے معاشی دہشت گردی کا شکار ہیں۔کیا حکمران اشرافیہ اب ان سے زندہ رہنے کا حق چھین لینا چاہتی ہے؟ 2ستمبر کو ملک گیرہڑتال اب تو لازم ہوگئی ہے۔ عوام اس کا حصہ بنیں، بے حسی پر مبنی حکومتی معاشی دہشت گردی کا پرامن جواب دیں۔ سراج الحق نے کہاکہ نگران وزیراعظم کا مہنگائی سے متعلق بیان ے حسی پر مبنی ہے۔ عوام پر مسلسل بجلی و پیٹرول بم گرانے والے عوامی مسائل سے لاتعلق ہیں۔ حکومت چلانا نگرانوں کے بس کی بات نہیں۔ 90 روز میں الیکشن کرا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔