کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کے دو سرکردہ رہنماوں شہید منور سہروردی اور مرحومہ فوزیا وہاب کو ان کی برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شہید منور سہروری کا کل 17 جون18 واں یومِ شہادت منایا جائے گا، جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی فوزیہ وہاب کی کل 10 ویں برسی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید منور سہروردی اور مرحومہ فوزیا وہاب پارٹی کے وہ گوہر تھے، جن کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جاتا رہے گا۔
شہید منور سہروردی اور مرحومہ فوزیا وہاب نے پارٹی کی جانب سے ملنے والی ہر ذمیداری کو لگن و احسن انداز میں نبھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید منور سہروردی اور مرحومہ فوزیا وہاب آج جسمانی طور ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن سیاسی جدوجہد کے دوران ان کا عزم، حوصلہ اور ثابت قدمی قابلِ تقلید ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو اپیل کی ہے کہ وہ آج شہید منور سہروردی اور مرحومہ فوزیا وہاب کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کریں۔