لاہور (نمائندہ خصوصی) چین کے قونصل جنرل نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے ملاقات میں باہمی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے دورہ کے دوران چینی قونصل جنرل نے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی قونصل جنرل اور لاہور چیمبر کے صدر کے درمیان نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا اور چینی قونصل جنرل نے کاشف انور کو چینی قونصلیٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کرلی۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ تاجر برادری کی ترقی و خوشحالی کے لیے لاہور چیمبر کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سلسلے میں اس کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے لاہور چیمبر کے ریڈنگ روم اور ون ونڈوسروس کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے لیے سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔ انہوں نے چینی قونصلیٹ کے کمرشل قونصلر یان یینگ کو فوکل پرسن مقرر کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے باہمی تعلقات کی مضبوطی کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے چینی قونصل جنرل کو لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر چین کا قومی دن جوش و خروش سے منائے گا۔ کاشف انور نے کہا کہ چینی قونصل جنرل کا دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں انتھک کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔