اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کا ناہموار نظام زائد بجلی بلوں کی وجہ ہے،کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، معاشی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ایک بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران کابینہ میں بہتر لوگوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ملکوں پر مشکل حالات آتے رہے ہیں، 1970میں اسرائیل میں افراط زر ہزار فیصد بڑھی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے،دنیا نے معدنی وسائل سے اپنی معیشت کو ٹھیک کیا،اس ضمن میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، سرمایہ کاری کے لئے اہم شعبوں کی نشاندہی کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کام طفل تسلیاں دینا نہیں، بجلی بلوں میں اضافے کے ذمہ داران کا تعین تو ہوگا سو ہوگا لیکن سوال یہ ہے کہ آج ان بجلی بلوں کے مسئلے کا حل کیا ہے؟ بجلی کے زائد بلوں میں ٹیکسوں کا ناہموار نظام مسئلے کی نشاندہی کررہا ہے،نے ٹیکس کے ناہموار نظام پرتوجہ ہی نہیں دی۔انہوں نے کہا بچپن سے سنتے آرہے ہیں ہر دوسرا شخص یورپ جانا چاہ رہا ہے، لوگوں کا ملک سے باہر جانا کوئی نئی بات نہیں، کوئی وجہ نظر نہیں آرہی کہ ملک کا سوشل سٹرکچر تباہ ہورہا ہو۔انہوں نے کہا میں نے کہا تھا لوگوں کے باہر جانے کو منفی کیوں لیا جارہا ہے؟، اصل میںمیراموقف یہ ہے کہ باہر جانے والے مستقبل کا اثاثہ ہیں۔