پشاور (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنانا ہے، صوبے اور عوام کو ترقی سے ہم کنار کریں گے،ترقی کا حق خیبر پختون خواہ کو بھی ہے ،نوجوان مسلم لیگ ابھرتی دیکھ رہی ہوں، نواز شریف کی قیادت میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔نواز شریف کے آنے سے مہنگائی کے اندھیروں اور مایوسیوں کا خاتمہ ہوگا ۔تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خیبرپختونخوا میں صوبائی، ڈویڑن اور ضلع کی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیوں کی تشکیل اور یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا مرحلہ مکمل کرلیا ۔خیبرپختونخوا میں 200 تحصیل یوتھ کوآرڈینیٹرز کے انٹرویوزبھی مکمل کرلئے گئے ۔ مریم نوازشریف نے تحصیل یوتھ کوآرڈینیٹرز کے انٹرویوز کئے۔اس موقع پر مریم نواز کا کہناتھا صوبے، ڈویڑن، ضلعے کے بعد اب تحصیل کی سطح پر یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کا حتمی مرحلہ مکمل کرنے جارہے ہیں، مریم نواز نے کہا 10 سال میں خیبرپختونخوا کے وسائل کو صرف لوٹا گیا، ہیلی کاپٹر سے نیچے پا ﺅ ں نہ اتارا۔نوجوان سیلاب کے پانیوں میں مدد کے لئے پکارتے رہے، پختونخوا کا ہیلی کاپٹر جلسوں کی ڈیوٹی کرتا رہا۔نوجوان مسلم لیگ ابھرتی دیکھ رہی ہوں۔انہوں نے کہا جو پاکستان 2016 میں بنتا دکھائی دے رہا تھا، اس سے پاکستانی عوام کو بہت توقعات وابستہ تھیں۔وہ توقعات کیوں پوری نہ ہو سکیں ؟ اس کا جواب عوام کو ملنا چاہیے، مریم نواز نے سوال کیا ترقی کو تنزلی میں کس نے بدلا،وہ چہرے سب کو یاد ہیں؟ ۔مہنگائی کے جن کو کس کی وطن دشمن سیاست نے جنم دیا؟۔ مظلومیت کے نعرے بلند کرنے سے پہلے اپنی پھیلائی تباہی کا حساب دیں ، مریم نوازشریف نے مزید کہا گزشتہ چار سال کی بربادی کو دوبارہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کا ہمارا عزم زندہ ہے۔