کراچی(بیورو رپورٹ ) تحریک.استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت دینے کا عدالتی فیصلہ خوش آئند اور قانون کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ میں دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا اور وہ ملک کے سابق وزیر اعظم بھی ہیں اسی لئے ان پر بے جا پابندیاں اور غیر قانونی سلوک قطعی درست نہیں۔ بہتر ہوتا کہ انہیں اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کی نوبت ہی نہ آتی۔ اب سپرنٹنڈنٹ جیل کو اس عدالتی حکم کی پاسداری کرنی چاہئے اور عمران خان کی انکی فیملی سے بات کرانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی بھی ملک کے سابق ڈپٹی وزیر اعظم رہے ہیں اور ان کی رہائی کے عدالتی فیصلوں پر عمل کرکے انہیں رہا کیا جائے اور بلاوجہ مقدمات بناکر انہیں حراست میں رکھنے کا طرز عمل ختم ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی لیذر شپ کے ساتھ موجودہ طرز عمل سے ان کی جماعت کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہی ہورہا ہے اور انتقامی اور غیر قانونی اقدامات کی کوئی بھی حمایت نہیں کرسکتا۔ اس متعلق عدالتی احکامات پر مکمل عمل ہونا چاہئے۔