مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)
بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے بے مثال ، انتھک اور لازوال جدوجہد کرنے والے قائد انقلاب بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی شہیدؒ کو انکے دوسرے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے "جہد مسلسل ریلی” کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ میڈیاء کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاسبانِ حُریت جموں کشمیر کے چیئرمین عُزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی شہیدؒ نے اپنی پوری زندگی بھارت کے زیرقبضہ ریاست جموں کشمیر کی آزادی ، عوامی حقوق اور سماجی انصاف کیلئے وقف کیئے رکھی۔ سال ہا سال بھارتی جیلوں ، زندانوں اور عقوبت خانوں میں طرح طرح کے بھارتی مظالم سہنے والے سید گیلانی شہیدؒ نے بھارتی ریاستی جبر کے سامنے کبھی سرنگوں نہیں کیا بلکہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں اپنی لازوال قیادت سے بھارتی ایوانوں کو ہمیشہ لرزہ براندام کیئے رکھا۔ اُنہوں نے آزاد جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی کے وہ یکم ستمبر کے دن کو "یوم بابائے حریت” کے طور پر منا کر تحریکِ آزادی کے مزاحمتی قائد کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔ انکا کہنا تھا کہ یکم ستمبر برہان وانی شہیدؒ چوک میں صبح 9 بجے جہد مسلسل ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ شہدائے جموں کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مہاجرین اور انصار سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلی میں شرکت کرکے بھارت کے فوجی قبضے کیخلاف مزاحمت کا عزم کریں۔