لاہور (نمائندہ خصوصی)لیگی رہنماءجاوید لطیف نے کہا ہے کہ ملک وریاست کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنماءجاوید لطیف نے کہا کہ جیسے جڑانوالہ واقعے میں مذہبی سازشوں کو بے نقاب کیا جاسکتا ہے، اسی طرح ملک و ریاست کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہر گھر میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے، ملک میں بجلی بلوں کا رونا رویا جا رہا ہے، سازش کے پیچھے چھپے ذمہ داروں کو سامنے لانے تک ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والے فیصلوں کو عوام کے سامنے لانا ہو گا، 75سال میں آج تک ملک میں اتنی درخواستیں کسی کے لئے عدالتوں میں نہیں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا، آج کہا جا رہا ہے نواز شریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں، کیا ذوالفقار علی بھٹو سے انصاف ہوا تھا؟، کیا نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں؟، آپ آج بھی ان کرداروں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو عوام کے سامنے لانا ریاستی اداروں کے سربراہان کی ذمہ داری ہے، 2017کے کرداروں کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔