کراچی/اسلام آباد( بیورو رپورٹ)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے اج اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر پیٹرولیم مصدق ملک سے ملاقات کی۔اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ سے پیدا ہونے والی گیس صوبے کی منشا کے بغیر براہ راست سوئی ناردرن کو دی جارہی ہے۔انہوں نے سندھ کے اس دیرینہ مطالبے کو دہرایا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے تحت جہاں گیس پیدا ہورہی ہے اس کے استعمال کا پہلا حق اسی صوبے کا ہے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ کی گیس کا سندھ کے عوام کو نہ ملنا حق تلفی ہے اب اس حق تلفی کا ازالہ کیا جانا چاہئے اور سندھ کو گیس میں اس کا جائز حق دیئے جانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے چاہئیں۔اس موقع پر وزیر توانائی امتیاز شیخ کو وزیر اعظم کے مشیر پیٹرولیم نے سندھ کی گیس میں جائز حق دینے کی یقین دہانی کرائی۔
امتیاز شیخ نے ایک اور مسئلے کی نشاندھی کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کے دیہاتوں کو گیس کے کنکشنز دینے کا کام بھی رکا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو سندھ کے دیہاتوں کو گیس کنکشنز دیئے جانے کے احکامات دیئے جائیں۔جس پر وزیر اعظم کے مشیر پیٹرولیم مصدق ملک نے یقین دہانی کرائی کہ مینجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی کو وزیر توانائی سندھ سے رابطے کی اور باہمی مشاورت سے مسئلے کا حل نکالنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے مطالبہ کیا کہ اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں میں سندھ کو جائز نمائندگی دی جائے۔وزیر اعظم پاکستان کے مشیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام امور کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور تمام امور باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حل کئے جائیں گے۔