اٹک(نمائندہ خصوصی) سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کے دفتر میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو ایف آئی اے حکام کی موجودگی میں عدالت پیش کیا گیا۔عدالت نے حاضری لگانے کے بعد 13 ستمبر تک چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے درخواست ضمانت، وزارت قانون کا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیکر کالعدم قرار دینے اور اوپن کورٹ میں ٹرائل کرنے کی درخواستیں دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عمران خان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا مقدمہ بنتا ہی نہیں، سیاسی انتقام کے لئے سائفر کیس بنایا گیا۔قبل ازیں سائفر کیس کی سماعت کے لئے آنے والی چیئرمین پی ٹی آئی کی نعیم پنجوتھا، سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا، علی اعجاز بٹر اور عمیر نیازی پرمشتمل قانونی ٹیم کو اٹک جیل میں جانے سے روکتے ہوئے کہا گیا کہ صرف ایک فرد اندر جاسکتا ہے تاہم ٹیم کے اسرار پر سب کو اندرجانے کی اجازت دے دی گئی۔