کراچی(نمائندہ خصوصی) ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر17 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 88 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 75ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جون کے مقابلے میں جولائی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر23فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق جون میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 114ملین ڈالر کا حجم ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں کم ہوکر88 ملین ڈالر ہوگیا۔مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں مالی سال کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر81فیصد کی نموریکارڈ کی گئی۔جولائی میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 110ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 61ملین ڈالر تھا۔جون کے مقابلے میں جولائی میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جون میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 111ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں کم ہوکر110 ملین ڈالر ہوگیا۔