اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ عمران خان حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی پاسداری کرنا ہماری مجبوری ہے ورنہ پاکستان دیوالیہ ہوجائیگا،معاہدے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم اورسیلز ٹیکس بھی لگانا تھا جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی، یہ ہے وہ جال جو وہ بچھا کر گئے ہیں جس کا اعتراف خود شیخ رشید صاحب نے کیا،ڈی جی آئی ایس پی آر عمران خان کو خوش کرنے کیلئے جھوٹ کو سچ نہیں بناسکتے،مزید کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں، عمران خان بار بار جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں،پرویز مشرف سے متعلق میاں نواز شریف کا ٹوئٹ خالصتاً انسانی بنیادوں پر تھا،عمران خان اور ان کی جعلی جماعت کیلئے اکیلی کافی ہوں، عمران خان ایک ماہ رانا ثنااللہ سے ڈرکر پشاور کے بنکر میں چھپے رہے،لوگوں کے بچوں کو ریاست کے آگے چھوڑ کر انقلاب نہیں آتے اگر کوئی احتجاج کے نام پر فتنہ فساد کی کال دے گا تو ریاست اسے پوری قوت سے روکے گی۔ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان موجودہ حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں، شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں کیا اور نہ ایک روپیہ اضافی ٹیکس عوام پر نہیں لگایا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی جولائی 2019 کے معاہدے کے ثمرات ہیں جو عمران خان نے آئی ایم ایف سے کیا جس کے تحت معیشت کی بربادی کے دستخط کیے گئے۔مریم نواز نے کہا کہ آج حکومت پاکستان کو جو مشکل فیصلے لینے پڑ رہے ہیں ان کی وجہ عمران خان حکومت کے اقدامات ہیں، شہباز شریف بطور عزیراعظم آئی ایم ایف کے اس معاہدے پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔