اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹری اور آئی جیز پر واضح کیا ہے کہ شفاف انتخابات کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سندھ اور بلوچستانءَ میں عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن چیف سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ ، چیف سیکرٹری بلوچستان ، آئی جی بلوچستان ، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ ، بلوچستان اور دیگر سینئر افسران نے شر کت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بریف کیا۔ اور الیکشن کمیشن کو آئندہ انتخابات کے دوران ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ پر واضح کیا کہ الیکشن کوشفاف اور غیر جانبدارانہ کروانا الیکشن کی بنیادی ذمہ داری ہے اِس سلسلہ میں پہلا قدم ان تمام عہدیداران و افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ ہے جو مصفانہ الیکشن کے نقطہ نظر سے اہم ہیںاور الیکشن کمیشن نے اِس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کی ہوئی ہیں۔ دراصل پوسٹنگ / ٹرانسفر شفافیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ اس کے بعد ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں اور مانیٹرننگ ٹیموں کی تعیناتی ہونی ہے۔ کمیشن کے پاس بہت کم ٹائم ہے لہذا الیکشن کمیشن نے اِس پر مایوسی کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ جلد از جلد ٹرانسفر / پوسٹنگ کی تجاویز الیکشن کمیشن کو بھیجی جائیں تاکہ اس قلیل وقت میں الیکشن کیلئے باقی ماندہ اقدامات جلد ازجلد کیے جاسکیں۔ الیکشن کمیشن نے اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی کو مکمل سرپرستی اور تحفظ کا یقین دلایا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آئی جی بلوچستان اورصوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق برینگ دی۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے کمشنروں ، ڈپٹی کمشنروں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی پوسٹنگ /ٹرانسفر کی تجاویز الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی ہیں اس تجویز میں افسران کی کارکردگی اور میرٹ کو سامنے رکھا گیا ہے۔ اور دیگر پوسٹنگز / ٹرانسفرز کو بھی میرٹ پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ مجوزہ پولنگ اسٹیشن کی بلڈنگز کی مرمت کویقینی بنایا گیا ہے ۔آئی جی بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو صوبہ کی امن وامان کی صورتحال اور آئندہ الیکشن میں حکمت عملی سے متعلق بریف کیا۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اورآئی جی بلوچستان کو غیر جانبدارانہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کی تلقین کی اور انہیں یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن انہیں ہر ممکن معاونت مہیا کرئے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار ادارہ ہے اور الیکشن کے تمام مراحل آئین وقانون کی روشنی میں پرامن اورغیر جانبدارانہ انداز میں مکمل کئے جائیں گے۔