لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی، چیف جسٹس کا ”گڈ ٹو سی یو“اور ”وشنگ یو گڈ لک“کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا۔ انہوںنے کہا کہ فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ، اعلی عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟۔نوازشریف کی سزا یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کے لئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے ،نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں ۔خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے ، چور اور ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی توملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا ۔9مئی ہو، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہو، پولیس پر پٹرول بم کی برسات ہو، سب معاف۔