کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دریا ستلج کے حفاظتی بند میں شگاف کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب متاثر علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر مربوط اقدام کو یقینی بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھاولپور اور احمد پور شرقیہ جیسی بڑی آبادیوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیئے جائیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ جیالے سیلاب متاثر علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس حوالے سے انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دریائے ستلج کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ حکومت دریائے ستلج کے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دریائے ستلج کے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کرائے۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعتت آئندہ عام انتخابات جیتنے کے بعد، دریائے ستلج کے سیلاب متاثرین کا بھی اسی طرح ساتھ دے گی، جس طرح اس نے سندھ میں بارش متاثرین کا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دریائے ستلج کے متاثرین کو گھر بنانے اور زراعت کی بحالی کے خصوصی اقدام کرے گی۔