کراچی(نمائندہ خصوصی) پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری خلاف اور تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ملازمین کے احتجاج کے بعد اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایاہے کہ پی آئی اے کے چیئرمین اسلم آر خان نے سی بی اے یونین پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان سے رابطہ کرکے ان کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ذرائع کے مطابق آج(بدھ)سی بی اے یونین کے ساتھ اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے نے بتایاکہ چیئرمین پی آئی اے کے احکامات پر مذکورہ اجلاس سی بی اے یونین سے تنخواہوں سے متعلق طلب کیا گیا ہے۔اس سے قبل پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں بھی سی بی اے یونین سے مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی تھی، بورڈ کا اجلاس آج کراچی میں ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق بورڈ کی ہدایت پر چئیرمین پی آئی اے کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں دو بورڈ ممبران اور چیف ایچ آر شامل ہوں گے۔سی بی اے یونین پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان کے مطابق جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔