کراچی(نمائندہ خصوصی) نگراں حکومت سندھ نے اعلی افسران کے تبادلوں کی تیاری شروع کردی ہے، الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ نے اس حوالے سے اجلاس طلب کرلیا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ میں 200 افسران کے تبادلوں کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایاکہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی روشنی میں تبادلے کیے جائیں گے، اور سندھ میں 200 افسران کے تبادلوں کا امکان ہے، ان افسران میں 20 سیکریٹریز کے تبادلوں کا امکان ہے۔دوسری جانب نگراں حکومت سندھ نے وزیراعلی انسپیکشن انکوائری ٹیم کے پاس کئی سالوں سے التوا میں پڑے ہوئے انکوائریز کی فائلیں کھول دیں۔پانچ ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں بھرتیوں اور ترقیوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، ذرائع نے بتایاکہ سیہون، لیاری، ملیر، لاڑکانہ، حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹیزمیں تحقیقات ہوں گی، اور ان اتھارٹیز کے افسران کی فائلیں طلب کر لی گئی ہیں۔