کراچی (نمائندہ خصوصی)شہر قائد میں ڈاکوﺅں کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ایک اور شہری ڈاکوﺅں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جان کی بازی ہارگیا۔ رواں برس ڈاکوﺅں کے ہاتھوں ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو چکی ہے۔شاہ لطیف ٹاﺅن کے علاقے بابا رزاق ٹاﺅن مدینہ مسجد کے قریب ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 32 سالہ یعقوب احمد کے نام سے کی گئی جو کہ گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران ڈاکووں نے اس سے موبائل فون چھیننے کے دوران سر پر گولی مار دی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ موقع پر موجود افراد نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، جس سے پولیس نے گرفتار ڈاکو سجاد سے نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا۔گرفتار ڈاکو کا آبائی تعلق سوات سے ہے جب کہ وہ کراچی میں قائد آباد مظفر آباد کالونی کا رہائشی ہے، جس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔