اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کو چیئر مین ارسا نے بتایا ہے کہ کم پانی کا نقصان بھی سب میں برابر تقسیم ہونا چاہیے۔ جمعرات کو وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بتایاگیاکہ بلوچستان کو پانی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کر دئیے گئے،ماہرین کی خصوصی کمیٹی معاملہ کی حل کے دودن میں سکھر اور گڈو بیراج کا دورہ کریگی۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ سکھر سے بلوچستان پختہ بیڈ کے زریعے بلوچستان کو پانی جا رہا،اب مٹی آ جانے کے باعث بیڈ اوپر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جائنٹ سیکرٹری آبی وسائل مہر علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی موقع پر جا کر خود جائزہ لے گی۔ ارسا چیئر مین نے کہاکہ کم پانی کا نقصان بھی سب میں برابر تقسیم ہونا چاہیے۔کمیٹی نے کہاکہ سیکرٹری ابی وسائل، جائنٹ سیکرٹری، منسٹر بلوچستان، سیکرٹری ابپاشی سندھ دو دن کیلئے سکھر اور گدو بیراج جائیں اور خود دیکھیں کہ پانی کی تقسیم منصفانہ ہو رہی ہے یا نہیں۔وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہاکہ اگلے سال تک ٹیلی میٹرز نصب کر دئے جائیں گے جس سے پانی کی تقسیم کا خود کار اور منصفانہ نظام قائم ہو جائے گا۔ سیکرٹری آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہاکہ پانی کی تقسیم کے اجلاس میں صوبائی نمائندے ہارڈ لائن اختیار کرتے ہیں،پانی کی تقسیم کا معاملہ سیاسی طور پر حل ہونا چاہیے۔