اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی پولیو ایمرجنسی کمیٹی نے پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے پھیلاوپر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں جبکہ افغانستان میں پولیو پروگرام کی ناکامی پاکستان کے پولیو پروگرام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ پولیو ایمرجنسی کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے پھیلاوکا خطرہ تاحال برقرار ہے، پاکستان میں اب بھی بچوں کی بڑی تعداد پولیو کے قطرے پینے سے محروم ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں، پولیو ویکسین کا بائیکاٹ بھی بڑا مسئلہ ہے، افغانستان میں پولیو پروگرام کی ناکامی پاکستان کے پولیو پروگرام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پولیو وائرس کا ملاوی، موزمبیق جانا بھی پولیو کے عالمی پھیلاوکا سبب بن سکتا ہے۔ایمرجنسی کمیٹی نے ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی اور افغان شہری پولیو ویکسینیشن ضرور کرائیں اور انہیں سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے، ملاوی اور موزمبیق سے بیرون ممالک سفر کرنے والے بھی پولیو ویکسینیشن ضرور کرائیں۔