سوات (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع سوات، مالاکنڈ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی گھنٹے کھلے آسمان تلے گزارے ۔زلزلہ کوہ پیما کے مطابق خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع و شہروں پشاور، دیر، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مہمند، شبقدر، مردان، اٹک اور چارسدہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کےمطابق پانچ اعشاریہ دو شدت کے زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ گہرائی 184 کلو میٹر تھی۔زلزلہ کوہ پیما کے مطابق پاراچنار شہر سمیت ضلع بھر میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔