کراچی(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد سے سی ای او سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کرکے واٹر کارپوریشن سمیت صحت کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نے نیگلیریا کی روک تھام کے لیے کلورینیشن کے عمل کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں۔ اس دوران سی ای او واٹر کارپوریشن نے نگراں وزیر صحت کو نیگلیریا کی روک تھام کے لیے کلورینیشن کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واٹر کارپوریشن نیگلیریا کی روک تھام کے لیے دن رات کام رہا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مقررہ کردہ معیار و مقدار کے مطابق شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار شامل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے تمام فلٹر پلانٹس سے 24 گھنٹے مسلسل پانی میں کلورینیشن شامل کی جاتی ہے اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ افسران مختلف فلٹر پلانٹس اور دیگر تنصیبات کا باقاعدہ دورہ کرکے کلورینیشن کے عمل کو مکمل طور پر چیک کرتے ہیں۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت سندھ نے سی ای او واٹر کارپوریشن کی جانب سے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ پر اعتماد کرتے ہوئے ان کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا اور اصلاحاتی ایجنڈے کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر کردار جاری رکھنے کی تلقین کی۔