لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا ہے کہ آج کے تمام مسائل نے پراجیکٹ عمران کے چار سالہ دور فسطائیت سے جنم لیا ،عوام کے حقیقی منتخب نمائندے ہی ایک ایسی حکومت کو جنم دیں گے جو مہنگائی کے عفریت کو قابو کر کے ترقی و خوشحالی کے دور کو شروع کر سکتے ہیں ،ہم ان شا اللہ مہنگائی کے جن کو ویسے ہی بوتل بند کرسکتے ہیں جیسے لوڈ شیڈنگ، دہشتگردی اور کراچی کی لاقانونیت کو ختم کیا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب ویمن یوتھ ونگ کی رہنماﺅں اور عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماﺅں اور عہدیداروں کے وفود نے مریم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی ۔اس موقع پارٹی کے خواتین یوتھ ونگ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی سرگرمیوں اور تنظیم کی کارکردگی سے متعلق مریم نوازشریف کو آگاہ کیا ۔مریم نوازشریف نے ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں اور کارکنان کے جذبے کو سراہا ۔4گھنٹے تک مسلسل جاری رہنے والے اجلاس میں انٹرویوز کئے گئے اور خواتین کو مستقبل کے لئے گائیڈ لائنز دی گئیں۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے جب اپنی جماعت میں خواتین کو اپنے شانہ بشانہ کھڑا دیکھتی ہوں،میری خواہش ہے کہ آئندہ الیکشن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ پارٹی ٹکٹ دئیے جائیں ،کیونکہ قوم کا مستقبل یہی لڑکے اور لڑکیاں ہیں یہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں مضبوط ملک بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کی مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے فرنٹ فٹ پر آنا حوصلہ افزا ءبات ہے، تعلیمی اداروں کی طالبات مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کو ہی پسند کرتی ہے جو خوش آئند ہے، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں (ن) لیگ اور نواز شریف کے جانثار ہیں،مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ نے ہمیشہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے، اس کی سب سے بڑی مثال نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور باعزت روزگار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی ہے۔