کراچی(نمائندہ خصوصی)۔ ملک سے اشیائے خوراک کی برآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو329 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 7.6 فیصدکم ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں اشیائے خوراک کی برآمدات کاحجم 365 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، جون کے مقابلہ میں جولائی میںاشیائے خوراک کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر8.8 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی،جون میں اشیائے خوراک کی برآمدات کاحجم 361 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو جولائی میں کم ہوکر329 ملین ڈالرہوگیا۔اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر18.1 فیصد اورماہانہ بنیادوں پر12.2 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، جولائی میں اشیائے خوراک کی درآمدات پر635 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوجون میں 763 ملین ڈالر اورگزشتہ سال جولائی میں 557 ملین ڈالر تھا۔