کراچی ( نمائندہ خصوصی)
کراچی سٹی الائنس کے مرکزی کنوینر حبیب جان نے لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں نگراں حکومت کی جانب سے IMF کے نام پر بجلی کے بلوں میں اضافے6 کو سابقہ حکومت کیلئے انتخابی سہولت کاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں اور ان کے اتحادیوں نے اپنے اپنے دور حکمرانی میں سوائے بلند بانگ دعوؤں اور سوشل میڈیا پر ڈینگیں مارنے کے کوئی قابل ذکر کارنامہ سرانجام نہیں دیا کہ جس پر وہ آئندہ ہونے والے انتخابات میں فخریہ طورپر شریک ہوسکیں۔ حبیب جان نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے حالیہ بجلی کے ٹیرف میں اضافی چارج پر مذمتی بیانات کو ڈھونگ اور مگرمچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی ناکامی کے بعد PDM کی نو رکنی اتحادی حکومتی کارکردگی بھی زیرو ہے۔ لہٰذا اگر انتخابی عمل وقت مقررہ مدت میں شروع ہوا تو ان میں سے کسی کے پاس بھی قابل اعتماد منشور نہیں جس سے وہ پاکستانی ووٹرز کے دل جیت سکیں۔ حبیب جان نے نگراں حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا سابقہ حکمرانوں نے پہلے ہی پاکستان کے عوام کو اپنی ناقص کارکردگی سے قبرستانوں کی دہلیز پر لاکھڑا کیا ہے۔ لہٰذا نگران حکومت سابقہ حکومتوں کی سہولت کاری کرنے کی بجائے اپنے آئینی مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کروائے اور باقی حکومتی امور آنے والے حکمرانوں کیلئے چھوڑے۔