اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاہے کہ آل شریف نے ہمیشہ پاکستان کے نظام کو نقب لگائی، اب بھی اپنی نااہلی کا ملبہ عمران خان پر ڈال رہے ہیں۔ اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہاکہ آل شریف نے ہمیشہ پاکستان کے نظام کو نقب لگائی اور اب بھی اپنی نااہلی کا ملبہ عمران خان پر ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو ایک مشورہ ہے کہ اپنی اور اپنے خاندان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر خزانے میں جمع کروا دیں تو شاید اس معاشی بحران سے نکلنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ سرکار نے پاکستان کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں،مغرب کے غلاموں کو عوام کی کچھ پرواہ نہیں صرف آقاوں کی غلامی کرنا اور جھوٹے بھاشن دینا آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دے کر عوام کو ریلیف دیا،مریم صفدر کو عوام کو دی گئی سہولیات ایک آنکھ نہیں بھاتیں، عوام کو غلامی کا طوق پہنے ہوئے دیکھنا اس خاندان کا مشغلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کے سرکاری اعدادوشمار میں آیا کہ ہمارے دور میں معیشت کا پہیہ تیزی سے چل رہا تھا۔ فرخ حبیب نے کہاکہ اگر عمران خان کی چھوڑی ہوئی بہترین معیشت کو سنبھالنے کی سکت نہیں تھی تو کیوں سازش کی؟،حالات کا ستم ہے کہ اپنے جلسوں میں اداروں کے مخالف نعرے لگوانے والے اور سوشل میڈیا کے ذریعے زہر اگلوانے والی خاتون آج اداروں کی محافظ بنی بیٹھی ہے۔ سابق وزیر مملکت نے کہاکہ شریف خاندان کے لئے ادارے اس وقت تک ٹھیک ہیں جب تک انکی کرپشن کے کیسز پر کوئی بات نہ کریں۔