اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بجلی بل کے ستائے عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کا آج فیصلہ نہیں ہو سکا۔ بجلی کے نرخ اور بلوں پر کل دوبارہ اجلاس ہوگا۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں پر اجلاس ہوا۔ نگراں وزیراعظم نے بجلی کے بلوں پر متعلقہ حکام سے رپورٹس مانگ لیں، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے تجاویز بھی مانگی گئیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو اجلاس میں وزارت توانائی اور تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بریفنگ دی گئی، ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسکوز کے افسران کو فراہم کیے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کر رہے ہیں۔ واپڈا کے پرانے ملازمین کے علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی۔ اس وقت یہ رعایت ڈسکوز کے ملازمین کو مل رہی ہے، ایسا نہیں کہ تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم نے مفت بجلی کی فراہمی کو روکنے کی ہدایت کردی۔ نگراں وزیراعظم نے بجلی کی چوری روکنے کےلیے ہنگامی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔