کراچی(نمائندہ خصوصی)
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نگراں حکومت اتنی بے ایمانی نہیں کرسکتی، جو پیپلز پارٹی کرسکتی ہے۔ نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 15 سال سے صوبے میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، امید ہے نگراں حکومت منصفانہ انتخابات کرائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری میں کئی لاکھ ووٹرز بڑھے ہیں، ان کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، 2022 میں ہونے والی حلقہ بندیاں لسانی بنیادوں پر کی گئیں۔ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ آج نگراں حکومت ہے اور آج پیپلز پارٹی کا اثر و رسوخ نہیں، نگراں حکومت اتنی بےایمانی نہیں کرسکتی جتنی پی پی کرسکتی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے نگراں حکومت آزاد اور منصفانہ انتخابات کرائے گی، الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق حلقہ بندیوں کا شیڈول دے چکا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سرکاری افسران نے مردم شماری کے عمل میں تاخیر کروائی، جس پر وفاقی حکومت کو ہمارے کہنے پر بیچ میں کودنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاقی حکومت کا حصہ تھی،صوبائی کا نہیں، پارٹی کی بہتری کےلیے ہم تجاویز دیتے ہیں،پارٹی میں کسی کا کوئی اختلاف نہیں۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ابھی اتنا براوقت نہیں آیا کہ میں پیپلز پارٹی سے رابطہ کروں، 15 سال سے پیپلز پارٹی نے صوبے میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔