کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باوجود پانی کے غیر قانونی کنکشن دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے جناح ٹا¶ن پی ای سی ایچ ایس سے چنیسر گوٹھ کو 18 انچ پانی کا کنکشن دینے کے معاملہ پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے اس کے باوجود غیر قانونی کنکشن دینے کا کام نہیں روکا گیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین اور ڈپٹی کمشنر شرقی تبریز مری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے واٹر بورڈ کو جناح ٹاون سے چنیسر گوٹھ کو نیا کنکشن دینے سے روک دیا تھا، عدالت نے چیف سیکریٹری، واٹر بورڈ، ڈپٹی کمشنر شرقی و دیگر کو نوٹس جاری کئے تھے۔ ایڈووکیٹ عثمان فاروق کی درخواست کے مطابق حکم امتناع اور نوٹس موصول ہونے کے باوجود حکام نے کام نہیں روکا، پی ای ایس ایچ کے بیشتر علاقوں کا پانی چوری کرکے دوسرے علاقے کو منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، غیرقانونی کنکشن کے ذریعے پانی چور مافیا کو بھی علاقے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ وکیل کے مطابق واٹر بورڈ کو کسی بھی علاقے سے 18 انچ کا کنکشن دوسرے علاقے کو دینے کا اختیار نہیں، درخواست چیئرمین یو سی 8 جنید مکاتی اور چیئرمین یو سی 7 محمد سلیم کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔